پی ٹی آئی کا ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ این اے 129 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا،میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی نشست پر امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے سیاسی کمیٹی پر مکمل اعتماد کیا، سیاسی معاملات مزید مشاورت کیلئے سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹرائل کی اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت پر گہری تشویش ہے، روزانہ سماعت سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے، روزانہ سماعت سے انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہلی پانے والے ارکان کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے، ناحق سزائیں پانے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی سے استعفے کا اعلان کرتے ہیں، ارکان اسمبلی کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفوں کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے سیاسی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتراضات اٹھا دیے گئے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کے اکثر فیصلے غیر پارلیمانی اور سیاسی حالات کے منافی ہیں، سیاسی کمیٹی میں غیر منتخب اور ملک سے باہر بیٹھے لوگوں کی وجہ سے غلط فیصلے ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ایم این ایز کی اکثریت نے کہا کہ بانی پارٹی عمران خان کو اکثر غلط رپورٹس دی جاتی ہیں، چند روز پہلے سیاسی کمیٹی سارے ایم این ایز کے استعفے چاہتی تھی تو ہم نے سختی سے مسترد کیا، قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر بھی پارلیمانی کمیٹی سے پہلے پوچھنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی کمیٹی میٹنگ میں سیاسی کمیٹی کے غیر پارلیمانی فیصلوں پر بات ہوگی۔دریں اثنائوزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور نے قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفا دے دیا۔

رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے استعفے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو خط بھیج دیا جس میں فیصل امین نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہیں۔

ادھرپی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس (پی اے سی) کمیٹی کے ممبر ثنا اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ پارٹی نے تمام کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے۔یہ اعلان کرنے کے بعد ثنا اللہ مستی خیل کمیٹی روم چھوڑکرچلے گئے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ ممبران کو پارٹی کے اس فیصلے کا میسج پہنچ گیا ہے، کچھ کونہیں پہنچا۔

سیکریٹری کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین جنید اکبرخان پی اے سی اجلاس میں نہیں آرہے، ممبران فیصلہ کرلیں کون پی اے سی کو چیئرکرے گا۔کمیٹی ممبران نے پی اے سی اجلاس کی صدارت کیلئے نوید قمرکونامزد کردیا جبکہجنید اکبر خان نے کمیٹی کی صدارت سے معذرت کر لی۔ انہوں نے پی اے سی سیکریٹریٹ کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔