لاہور/ سیالکوٹ(نمایندگان)خیبرپختونخوا اور سندھ کے بعد سیلاب پنجاب پہنچ گیا، سیالکوٹ میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث 75فیصد شہر ڈوب گیا، دیگر اضلاع بھی شدید متاثر، ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیالکوٹ میں گزشتہ رات سے مسلسل موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش نے سیالکوٹ شہر ڈبو دیا ۔سیالکوٹ کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ۔
شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام ہے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،بارش کا پانی گھروں ، دکانوں اور دفاتر میں داخل ہوگیا اورنظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ۔
سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں وقفے سے وقفے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اس وقت شہر کا تقریبا 75 فیصد حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ نشیبی اور متاثرہ علاقوں سے نکل کر محفوظ مقامات کا رخ کریں۔سیالکوٹ میں355ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
ادھر نارووال کی تحصیل ظفروال میں نالہ ڈیک میں سیلابی ریلے سے منگوال پل ٹوٹ گیا جس کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔سیلاب سے ڈیلڑہ، نکی اور گوجراں میں فصلیں تباہ ہوگئیں اورکھیتوں میں کھڑے کسان پانی میں پھنس گئے ۔
قبل ازیں بھارت نے دو دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا جس کے باعث دریائے ستلج اور راوی میں بڑے ریلے داخل ہوگئے۔
سیلابی ریلے سے ہیڈ گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی پردریا بپھر گئے جس سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی 86 فیصد بھر چکا ہے جس کے باعث سیالکوٹ، نارووال، قصور کے نشیبی علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دریائے ستلج کے بہائو میں اضافے کے بعد سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
ضلع بہاول پور کی تحصیل خیر پور ٹامیوالی سمیت دیگر بیٹ کے علاقوں میں پانی تیزی سے پھیل رہا ہے جب کہ ہزاروں ایکڑپر کھڑی فصلیں، مکانات اور سرکاری اسکول زیر آب آگئے ہیں۔
چنیوٹ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے اور زخمیوں کی پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 406 افراد جاں بحق اور 245 زخمی ہوئے، جن میں میں 131 مرد ، 167 خواتین اور 108 بچے جبکہ زخمیوں میں 121 مرد ، 92 خواتین اور 32 بچے شامل ہیں۔
سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث معمول کا بہاؤ نچلے درجے کے سیلاب میں تبدیل ہو گیا ہے۔فلڈ کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 17 ہزار 490 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
