پاکستان تحریک انصاف نے ستمبر میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے بڑا جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سہولیات بحال کردی گئی ہیں اور انہیں اخبار و کتابیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بہت خوشی ہوئی ہے کہ تین ماہ بعد بانی پی ٹی آ ئی سے ملاقات ہوئی، ملاقات کرکے بہت اچھا لگا، ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں اور پابندی نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کرتا ہوں، اگلے ماہ ستمبر میں ہم عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات میں ملکی حالات اور پارٹی امور سمیت کے پی کے میں سیلاب کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، بانی پی ٹی ائی نے بارشوں سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ لوگ فلمیں نہ چلائیں پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینا سنجیدہ ایشو ہے۔ سلمان اکرم راجہ کے استعفے کے بارے میں سنا ہے لیکن ان کا بیان نہیں پڑھا۔ بانی کی بھی واضح ہدایات ہیں کوئی پارٹی لیڈر پبلک میں اپنا استعفیٰ پیش نہیں کرے گا، بانی کی واضح ہدایات ہیں کوئی لیڈر پبلک میں کمنٹس نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سمیت کسی لیڈر کو پارٹی معاملات پر ٹوئٹ نہیں کرنا چاہیے، سلمان اکرم راجہ کے استعفے پر بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے۔