پاکستان، مصر اور الجزائر نے مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل غزہ کو امداد ہرممکن حد تک جلد از جلد پہنچانا ناگزیر ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 21 ویں غیر معمولی او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور الجزائر کے اپنے ہم منصب احمد عطاف سے اہم ملاقات کی، جس میں فلسطین خصوصاً غزہ کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں فلسطین کی موجودہ تشویش ناک صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تینوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی، جنگ بندی اور دیرپا امن کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مسلم اْمہ کے اتحاد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔اسحاق ڈار نے شمالی افریقا کے برادر ممالک مصر اور الجزائر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی روابط و کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔