قربتیں بڑھنے لگیں، پاکستان اور بنگلادیش میں ویزا فری داخلے کا معاہدہ

پاکستان اور بنگلا دیش نے باہم معاہدے کے تحت اپنے سفارتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کے لیے ویزا فری داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

دونوں ممالک کے مابین ہونے والے اہم معاہدے کے بعد بنگلا دیش کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد پاکستان کا ویزا حاصل کیے بغیر سفر کر سکیں گے اور یہی سہولت پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی بنگلا دیش میں حاصل ہو گی۔

یہ معاہدہ چیف ایڈوائزر کے دفتر، تَیج گاؤں میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران ایڈوائزری کونسل کمیٹی کی جانب سے پالیسی اور حتمی منظوری حاصل کرنے کے بعد طے پایا ہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے یہ معاہدہ پاکستان کے ساتھ آئندہ 5 سال کے لیے کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلا دیش کے 30 ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے موجود تھے اور پاکستان کے ساتھ اس معاہدے کے بعد یہ تعداد 31 ہو گئی ہے۔ پاکستان نے بھی اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔