سعودیہ کا سیلاب سے اموات پر اظہارِافسوس، امداد کی پیشکش

سعودی عرب کی اعلی قیادت نے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدرِ مملکت آصف زرداری کو تعزیتی پیغامات بھیجے گئے ۔

سعودی شاہ اور ولی عہد نے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور متاثرین سے ہمدری کا اظہار کیا ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب کی جانب سے بھرپور امداد کی پیشکش بھی کی، تاکہ پاکستان کے عوام اس قدرتی آفات سے نمٹنے میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کریں۔سعودی قیادت نے پاکستانی عوام کی حفاظت اور استحکام کیلئے دعائیں بھی کیں اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اس قدرتی آفات سے جلدی کامیابی کے ساتھ نکل آئے گا۔

ادھراقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان اور بھارت میں حالیہ سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں میں سے کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر مدد کی درخواست کی تو اقوامِ متحدہ فوری طور پر امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت متاثرین کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، اور ضرورت پڑنے پر اقوامِ متحدہ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔ حالیہ دنوں پاکستان میں بارشوں اور سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہوئی ہے۔