کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مقبول ایپ گوگل فوٹوز میں نئے اور دلکش فیچرز کا اضافہ کر دیا ہے، جو تصاویر کو مزید دلچسپ اور تخلیقی انداز میں پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق اب گوگل فوٹوز صارفین اپنی تصاویر کو صرف محفوظ کرنے تک محدود نہیں رکھیں گے، بلکہ انہیں مختصر ویڈیوز میں بدلنے کے ساتھ ساتھ کارٹون، اسکیچ، تھری ڈی یا اینیمی جیسے تخلیقی انداز میں بھی ڈھال سکیں گے۔
نئے فیچرز کے تحت صارف اپنی کسی بھی تصویر کو صرف چند سیکنڈز میں 6 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے دو آسان آپشنز فراہم کیے گئے ہیں:
-
سبٹل موومنٹس – اس میں تصویر میں ہلکی سی حرکت شامل کی جاتی ہے۔
-
آئی ایم فیلنگ لکی – اس آپشن میں گوگل خودکار طور پر تصویر کا تجزیہ کرکے اسے دلچسپ انداز میں ویڈیو میں بدل دیتا ہے۔
صارف کو صرف اپنی پسندیدہ تصویر منتخب کرنی ہے، ایک آپشن کا انتخاب کرنا ہے، اور تصویر فوری طور پر ایک چھوٹی مگر متاثرکن ویڈیو کی شکل اختیار کر لے گی۔
اس کے علاوہ گوگل فوٹوز کا ایک اور نیا اور اہم فیچر ’ریمکس‘ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کی مدد سے تصاویر کو چند لمحوں میں اینیمی، کامک، پینٹنگ یا دیگر تخلیقی انداز میں بدلا جا سکتا ہے۔ یہ فیچر گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت (AI) سسٹم ’امیجن‘ کی مدد سے کام کرتا ہے، جو ہر تصویر کو منفرد اور جاندار بنا دیتا ہے۔