برہان وانی کا یومِ شہادت ، مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈائون ہڑتال

سرینگر :تحریکِ آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما شہید بر ہان مظفر وانی کی نویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈائون ہڑتال رہی جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکررہ گیا ، سناٹے کا راج رہا جبکہ قابض فوج کی بھارتی نفری تعینات کردی گئی تھی اور وادی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ۔
تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے والے بہادر کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کو 9 سال مکمل ہوگئے۔ کشمیری عوام اس دن کو تجدیدِ عہد کے طور پر مناتے ہیں، برہان مظفر وانی وہ نوجوان جو کشمیر کی مزاحمت کا چہرہ بن گیا ۔
اس موقع پر جلسے، جلوسوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں اور شہد ا کے ایصال ثواب اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈائو ن کی گئی ،تمام کاروباری مراکزی ،تعلیمی ادارے اور ٹریفک بندرہی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ۔اس موقع پر مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہر ے بھی کیے گئے ۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرزاٹھارکھے تھے جن پر برہان وانی اور دیگرشہدا کی تصاویر اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے ۔مقررین نے شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے جاری مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور یکطرفہ اقدامات کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو مجبو ر کیا جائے کہ وہ کشمیریوں کو استصواب رائے کے انکے حق کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداوں پر عمل درآمد کرے ۔اس دوران ریاستی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے ۔فورسز کی بھاری نفری تعینات کردئی گئی تھی جبکہ وادی کو سیکورٹی قلعہ میں تبدیل کردیا گیا۔مختلف مقامات پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی رونما ہوئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز نے کئی نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا ۔