ریاست مخالف 27 یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم

عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر 27 معروف یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے یوٹیوب چینل بلاک کی درخواست پر سماعت کی۔

ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے دو صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ، جس میں کہا کہ ریاست مخالف مواد کے حوالے سے ایف آئی اے نے 2 جون کو انکوائری شروع کی ، عدالت نے انکوائری افسرکو سنا اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

حکم نامے میں کہا گیا شواہد کی بنیاد پر عدالت سمجھتی ہے معاملہ پیکاایکٹ اورتعزیرات پاکستان کے تحت قابل سزا جرم ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں یوٹیوب کے افسر انچارج کو حکم دیا کہ مذکورہ ستائیس چینلز کو مکمل طور پر بند کرے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق مطیع اللہ جان ، صابر شاکر ، عبد القادر ، حیدر مہدی ، عمران ریاض ، اوریا مقبول جان ، مخدوم شہاب الدین، وجاہت سعید خان، عبدالقادر، ساجد گوندل، اسد طور ، صدیق جان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف ، نیا پاکستان اور ڈیلی قدرت کے یوٹیوب چینلز بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔