چاروں ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد/کراچی/پشاور/کوئٹہ:سندھ،پشاور،اسلام آباداور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا، جسٹس جنید غفار سندھ، جسٹس ایس ایم عتیق پشاور،جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباداورروزی خان بڑیچ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بن گئے۔

جسٹس محمد جنید غفار نے بطور 26 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں کے ججز، ہائیکورٹ اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار و دیگر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سینئر وزیر شرجیل میمن، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کاروباری شخصیات اور برادر ممالک کے سفیر بھی تقریب میں شریک تھے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری ہوئی، جہاں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ان کے عہدے کا حلف لیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی شریک تھے۔تقریب میں جسٹسز ،وفاقی وزیر سیفران امیر مقام، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذولفقار احمد، کمشنر پشاور ریاض محسود،انتظامی محکموں کے سربراہان، وکلا سمیت دیگر شریک ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا،صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اہم شخصیات اور سینئر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے دوران صدر آصف زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

دریں اثناء گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ سے حلف لیا تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات اور وکلاء رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔