پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا نے محرم کے احترام میں وقتی وقفے کے بعد دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ دس محرم کے بعد احتجاجی تحریک دوبارہ بھرپور انداز میں شروع کی جائے گی اور اس بار احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے ہر حلقے میں منعقد ہوں گے اور اس تحریک میں صوبائی حکومت بھی مکمل طور پر شامل ہو گی۔
جلسے، جلوس اور کنونشنز کی قیادت متعلقہ ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کریں گے۔ ضلعی و تحصیل تنظیمیں، مقامی ایم این ایز اور چیئرمینز کو مکمل تعاون کا پابند بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ذیلی ونگز بشمول انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف لائرز فورم، یوتھ، خواتین، کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔