جامعہ مخزن العلوم اور فاطمہ اکیڈمی میں محافل حسن قرات کا اہتمام

جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم بنارس اور فاطمہ اکیڈمی میٹروول کراچی میں حسن قرات کی بابرکت محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور قرائے کرام نے شرکت کی۔
مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کی سرپرستی میں جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم بنارس اور فاطمہ اکیڈمی میٹروول کراچی میں ہونے والی اس بابرکت محفل میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی قاری، قاری انوار الحسن شاہ بخاری مہمان خصوصی تھے۔
ان کے علاوہ گوجرانوالہ سے نامور قاری، قاری حماد انور نفیسی، کراچی سے قاری محمد یونس اور قاری اویس بلال نے اپنی خوبصورت اور مسحور کن آواز میں قرآن عظیم کے انوارات بکھیرے۔
جامعہ مخزن العلوم میں حسن قرات کا یہ پروگرام نماز ظہر کے متصل بعد شروع ہوا، پروگرام میں مدرسے کے طلبہ نے بھی قرات، حمد، نعت و نظم پیش کی اور شرکا سے داد سمیٹی۔ تقریب مہمان خاص کی تلاوت کے ساتھ عصر سے کچھ دیر پہلے اختتام پذیر ہوئی۔
فاطمہ اکیڈمی جامع مسجد فاطمہ میٹروول میں پروگرام بعد نماز مغرب شروع ہوا اور عشاء تک جاری رہا۔ دونوں پروگراموں میں مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے وضع کردہ فاسٹ ٹریک حفظ قرآن کی پریزنٹیشن اور عملی مظاہرہ پیش کیا گیا، جسے مہمانوں نے خوب سراہا۔