PTA Sims

پی ٹی اے کا غیر قانونی سمز کے خلاف بڑا اقدام، لاکھوں سمز بند


 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جعلی اور غیر قانونی سمز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1 لاکھ 63 ہزار 200 غیر قانونی سمز بلاک کر دیں۔

جاری کردہ دستاویزات کے مطابق، 64 لاکھ 30 ہزار غیر فعال سمز کو مستقل طور پر بند کیا گیا، جبکہ فوت شدگان کے شناختی کارڈز پر جاری ہونے والی 29 لاکھ 89 ہزار 925 سمز بھی بند کر دی گئیں۔

پی ٹی اے کے مطابق نئے اضلاع میں غیر متعلقہ خواتین کے نام پر رجسٹرڈ 1 لاکھ 71 سمز بند کی گئیں۔ اس کے علاوہ منسوخ شناختی کارڈز پر جاری 69 ہزار 246 سمز اور 3 لاکھ 60 ہزار زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری 7 لاکھ 83 ہزار سمز بھی بلاک کر دی گئی ہیں۔

جعلی سمز کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے نے ملک بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جن میں 62 چھاپے مارے گئے اور 72 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ چھاپوں کے دوران 193 غیر قانونی بائیومیٹرک ڈیوائسز اور 11 ہزار 470 سمز بھی برآمد ہوئیں۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد جعلی ڈیجیٹل فنگر پرنٹس ضبط کیے گئے ہیں۔ پی ٹی اے نے نیا ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم بھی متعارف کرا دیا ہے اور ملک بھر میں 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد جدید فنگر پرنٹ ڈیوائسز نصب کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب صرف مستند سروس سینٹرز کو سمز فروخت کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ غیر مجاز ریٹیلرز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عوام کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے نئی سم کے اجرا میں وقفے کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔