Hacking

بھارتی ہیکرز سرگرم، سائبر حملوں سے بچائو کیلئے ہدایات جاری

اسلام آباد:بھارتی جارحیت کے بعد ملک میں سائبر حملوں کے پیش نظر شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ مسیجز، مشکوک ای میلز، سوشل میڈیا لنکس نہ کھولیں۔
ممکنہ بھارتی سائبرحملوں سے بچاؤ کے حوالے سے سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے الرٹ جاری کردیا، جس میں شہریوں کو سوشل میڈیا پرغیرتصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔
سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا تھا شہری سوشل میڈیا پر سائبر حملوں سے متعلق افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
الرٹ میں کہا گیا کہ غیر تصدیق شدہ مسیجز، مشکوک ای میلز، سوشل میڈیا لنکس نہ کھولیں اور ایمرجنسی میں ضروری معلومات کیلئے سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے۔واٹس ایپ اورسوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی افواہوں سے محتاط رہیں۔ ٹیم سائبرحملوں سے بچاؤ اورصورتحال کے تدارک کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ایڈوائزری کے مطابق دشمن عناصر غیریقینی صورتحال پیدا کرنیکی کوشش کرتے ہیں لہٰذا صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں، صرف سرکاری یا ایمرجنسی ذرائع سے اپ ڈیٹس لیں اور واٹس ایپ یا سوشل میڈیا پر آنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارت موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے اہم نیٹ ورکس کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ایڈوائزری میں عوام کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے:1) عوام کو مشتبہ لنکس، پیغامات اور ای میلز نہ کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے۔2) اپنے سسٹمز اور سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں۔3) مضبوط پاس ورڈز استعمال کریں اور انہیں باقاعدگی سے تبدیل کریں۔