لندن:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تصادم جوہری جنگ کا باعث بن سکتا ہے، عالمی برادری پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائے، ہماری فضائیہ، بری اور بحری افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، 2 ایٹمی قوتوں میں کشیدگی کم نہ ہوئی تو محدود جھڑپیں جنگ کی صورت اختیار کر سکتی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ”اسکائی نیوز” کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ہماری فضائیہ اور بحریہ سمیت ہماری مسلح افواج بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان جنگیں ہوچکی ہیں، ہماری یہی امید ہے کہ اب ایسا نہ ہو اور ہوش مندی غالب آئے، بین الاقوامی برادری دونوں ممالک سے رابطے میں رہے، ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی میں اضافہ ہو، عالمی برادری کشیدگی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں میں کشیدگی ہمیشہ تشویش کا باعث ہوتی ہے۔