لاہور/اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ ہے، بھارت ماضی میں بھی اس طرح کے مختلف ڈرامے کرچکا ہے، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے جیسے فیصلے جنگی حالات میں بھی نہیں کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں پر نوازشریف کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے کہا ملک کا مستقبل روشن ہے ہم جاگ رہے ہیں، بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔شہباز شریف نے نواز شریف کو پہلگام واقعے کے پس منظر میں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائیوں پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
دوسری جانب شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فون پر گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے بندر عباس کی پورٹ پر ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔اس موقع پروزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے ایران کردار ادا کرنا چاہے تو اس کا خیر مقدم کریں گے۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو بتایا کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، پاکستان اپنے حق کا دفاع کرے گا۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے خطے میں حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِ اعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور پہلگام واقعے میں پاکستان کے کسی بھی قسم کے براہِ راست یا بالواسطہ ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانوں کا نقصان اور اربوں ڈالر کا مالی خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔
وزیرِ اعظم نے غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں وزیرِ اعظم نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے بھارتی فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔
صدر مسعود پیزشکیان نے سانحہ بندرعباس پر اظہارِ یکجہتی پر وزیرِ اعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔دورانِ گفتگو صدر پیزشکیان نے وزیرِ اعظم شہبازشریف کو دورہ تہران کی دعوت دی جس پر وزیرِ اعظم نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔