ریاض:سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کے لیے یکم ذی القعدہ سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے۔
عرب ٹی وی کے مطابق 29اپریل 2025ء سے حج سیزن کے باقاعدہ آغاز پر وزارت سیاحت نے تمام ٹور آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس مکہ پرمٹ یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے ۔
بصورت دیگر خلاف ورزی ریکارڈ ہونے پر ادارہ اس کا ذمہ دار قرار پائے گا۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے یہ احکامات بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے صادر کیے گئے ہیں تاکہ شہرِ مکہ میں غیر ضروری اژدحام نہ ہو اور عازمین آرام و سکون سے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں ۔