دنیا بھر کے عوام کا فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی، تاریخی ہڑتال

غزہ:اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کی غزہ کی پٹی کی حمایت اور نسل کشی کے خاتمے کے مطالبے کے لیے عالمی گیر احتجاج کی کال کے جواب میں دنیا بھر میں مظاہرے، ریلیاں اور جلسے جلسوس منعقد کیے گئے۔
دنیا کے کئی ممالک کے شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہروں میں لاکھوں شہریوں نے شرکت کی۔
عرب ممالک اردن، کویت، مصر، مراکش اور تیونس کے اداروں اور یونینوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں ہڑتال اورمظاہرے کیے۔فلسطینی وزارت تعلیم نے غرب اردن میں سکول بند کردیے جب کہ غزہ کی حمایت میں سرکاری دفاتر بھی بند رہے۔
بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔کینیڈا میں روزمرہ کے کاروبار کو روک دیا گیا، دکانیں بند رہیں اور سفارت خانوں کے سامنے مظاہروں کا اہتمام کیا گیا جن میں عرب عوام اور بین الاقوامی برادری سے وسیع پیمانے شرکت کی۔
ترکیہ کے شہر قونیہ میں “غزہ کے لیے ہڑتال” کی گئی۔دکانوں کے مالکان غزہ کی حمایت میں عالمی ہڑتال میں بھرپور شرکت کی۔
دریں اثناء فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کے نتیجے میں مزید 57فلسطینی شہید جبکہ 137زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کی خان یونس میں ناصر اسپتال کے قریب صحافیوں کے کیمپ پر بمباری سے دو صحافی جل کر شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔