کسی کو سیاسی تخریبی کارروائیوں کی اجازت نہیں دینگے،وزیراعظم

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادیوں میں بے مثال سیاسی ہم آہنگی ہے، ملکی ترقی کا پہیہ اپنے ٹریک پر چڑھ گیا ہے، اب کسی کو سیاسی تخریبی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیں گے، ملک میں سیاسی استحکام آرہا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال دن بدن ٹھیک ہو رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے کیا جنہوں نے لاہور میں ان سے اہم ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ایک ہفتے میں وزیر داخلہ نے تیسری بار وزیراعظم سے خصوصی ملاقات کی، ملاقات کے دوران دریائے سندھ سے نکالی جانے والی نہروں پر عوامی ردعمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو افغانیوں کی اپنے ملک واپسی کے لئے جاری آپریشن بارے بھی آگاہ کیا اور وزیراعظم کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر بھی مبارکباد دی جبکہ امن و امان سمیت سیاسی صورتحال پر بریف کیا، بلوچستان اور کے پی میں امن وامان کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ متفقہ ہے ایس آئی ایف سی ملکی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے ، دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر سندھ کے تحفظات دور کئے جائیں گے، حکومتی اتحادی اپنے معاملات پارلیمنٹ اور کابینہ میں متفقہ طور پر طے کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سیاسی ٹھہرائو اور امن و امان کی صورتحال دن بدن ٹھیک ہو رہی ہے ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان چالیس منٹ ملاقات جاری رہی۔

وزیر داخلہ نے چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے وزیراعظم کو پی ایس ایل سیزن کے لئے تیاریوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے دوران سیکورٹی معاملات بارے بھی وزیراعظم کو تفصیلات بتائیں۔