تبلیغی جماعت کا ششماہی اجتماع 8اپریل سے شروع ہوگا ،تیاریاں مکمل

رائے ونڈ:تبلیغی جماعت کا ششماہی اجتماع 8اپریل سے رائے ونڈ میں شروع ہوگا ،13اپریل کو اختتامی دعا ہو گی ۔

اجتماع میں صرف تبلیغی جماعت میں چار ماہ لگانے والے افراد اور ایک سال گزارنے والے علمائے کرام شریک ہو سکیں گے۔ تبلیغی جماعت کا ششماہی اجتماع (پرانے کارکنا ن کا جوڑ )8اپریل بعداز نماز عصر شروع ہوگا جس میں تبلیغی اکابرین دنیا بھر سے شرکت کریں گے۔

جوڑ میںملک بھر میں دعوت وتبلیغ کی خدمات سرانجام دینے والے تمام پرانے کارکنان خصوصی طور پر شرکت کررہے ہیں جو عالمی سالانہ اجتماع کے بعد ہونے والی اپنی کارگزاری سے تبلیغی اکابر کو آگاہ کریںگے ،پرانے ساتھیوں کے علاوہ اس جوڑ میں عام لوگوں کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ،ششماہی اجتماع کی اختتامی دعا 13اپریل اتوار کو صبح 8بجے ہوگی۔

شرکاء اجتماع کیلئے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات مکمل کرلئے گئے، پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہو گی جبکہ تمام صوبائی محکمہ جات اپنی ڈیوٹی سرانجام دیںگے ،اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ ذوہیب ممتاز نے تبلیغی اکابرین سے خصوصی ملاقات کے بعد تمام متعلقہ محکمہ جات کوہدایات جاری کردی ہیں ۔