ماہ رمضان المبارک میں حرمین شریفین میں12کروڑ افراد نے عبادت کی سعادت حاصل کی

مکہ مکرمہ/مدینہ منورہ:رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ میں تقریبا 12 کروڑ سے زائد لوگوں نے عبادتوں کی سعادت حاصل کیں۔ سعودی حکومت نے اللہ کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ کے امور کے جنرل اتھارٹی کے سی ای او کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ میں کل 122,286,712 زائرین کا استقبال کیا گیا۔الشہرانی نے بتایا کہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد 16,558,241تک پہنچ گئی جبکہ مسجد نبوی میں نمازیوں کی تعداد 92,132,169اور مسجد الحرام میں 30,154,543تھی۔

الشہرانی نے ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں تعاون کیا اور دعا کی کہ ان کی کاوشوں کو اجر ملے۔ادھر سعودی ریلوے سار کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا آپریشنل پلان کامیاب رہا، حرمین ریلوے کے ذریعے ایک ماہ میں 1.2 ملین مسافروں کو منتقل کیا۔

سبق نیوز کے مطابق سعودی ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ براستہ جدہ مسافروں کی آمد و رفت کے لیے جاری کیا گیا منصوبہ کامیاب رہا۔گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال مسافروں کی تعداد میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں ماہ رمضان میں مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے یومیہ 40 ہزار افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔

سار کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے شیڈول ٹائمنگ کا خیال رکھا تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ٹرینوں کی آمد ورفت کا پروگرام 99 اعشاریہ پانچ فیصد تک کامیاب رہا۔ 15 رمضان بروز جمعہ حرمین ٹرین کے ذریعے 48 ہزار مسافروں کو مکہ سے مدینہ اور برعکس منتقل کیا گیا۔