مکہ مکرمہ : سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین، قطر اور دیگر ممالک میں اتوار کے روز عیدالفطر منائی گئی۔مسجدالحرام، مسجد نبویۖ اور مسجد اقصیٰ میں نماز عید کے بڑے اور روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کا خطبہ اور امامت کروائی جبکہ مسجد نبویۖ میں امام شیخ عبداللہ نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔ ادھر دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، یمن اور روس میں بھی عید منائی گئی۔
دبئی کے علاقے القصص میں 15 ہزار افراد نے عیدالفطر کی نماز ادا کی جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔دبئی میں توپ کے 2گولے داغ کر نماز عید کا اعلان کیا گیا۔
اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہے، بعض نے اتوار کو عید منائی جبکہ بعض (آج)پیر کو عید منائیں گے۔ دنیا کے دوسرے ممالک فرانس’ امریکا ‘ کینیڈا میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منائی گئی۔
عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی، آسٹریلیا، بھارت اور بنگلادیش میں چاند نظر نہ آنے کے باعث آج پیر کے روز عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے، یونان سمیت یورپ بھر میں بھی آج عید الفطر منائی جائے گی۔
ادھرخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ رمضان میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ زائرین کی خدمت کرنے کے لیے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے پیغام میں گوتریس نے ان افراد کے لیے افسوس کا اظہار کیا جو جنگ، تنازعات یا نقل مکانی کی وجہ سے اپنے خاندانوں کے ساتھ عید منانے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدس دن یکجہتی اور ہمدردی کا پیغام دیتا ہے اور امید ظاہر کی کہ عید کا موقع لوگوں کو قریب لانے اور ان اقدار کو فروغ دینے میں معاون ہوگا۔