عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ، اہل غزہ کی دوسری عید بھی صہیونی جارحیت کے سائے میں!

اکتوبر 2023 میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد تباہ حال غزہ میں آج دوسری عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

عید کے خوشیوں بھرے موقع پر بھی اسرائیلی فورسز نے خان یونس پر فضائی اور زمینی حملے کر کے سفاکیت کی نئی مثال قائم کر دی، مزید 24 فلسطینی شہید کر دیئے۔

فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے ان لمحات میں ہم اپنے بچوں کے لیے کچھ بھی نہیں خرید سکتے، روزگار کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں اور کراسنگ پوائنٹس کی بندش نے مشکلات کو دگنا کر دیا ہے۔

شہریوں نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی اجیرن ہو چکی ہے، کچھ لوگ کھانے کے قابل ہیں تو کچھ بھوک سے نڈھال ہیں، صرف اللّٰہ ہی جانتا ہے کہ یہاں کے لوگوں پر کیا گزر رہی ہے، دنیا سے ہمارا سوال ہے کہ کیا ہم انسان نہیں ہیں؟ کیا ہمارے بچوں کو بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح خوش رہنے کا حق نہیں ہے؟

یاد رہے کہ غزہ پر جاری وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 50 ہزار سے زائد بے قصور فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، غزہ کا بڑا حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے اور لاکھوں فلسطینی خیموں یا بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔