آج 25 رمضان کی رات مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
حرم شریف میں امامت شیخ عبداللّٰہ بن عواد الجُہنی اور شیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کریں گے۔ مسجدِ نبوی ﷺ میں امامت شیخ ڈاکٹر محمد بن احمد برہجی اور شیخ ڈاکٹر عبداللّٰہ بن عبدالمحسن القرافی کریں گے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے کی 25 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں 25 لاکھ سے زائد نمازیوں نے شرکت کی ہے۔ مکہ مکرمہ میں زائرین اور مقامی افراد طواف و عمرے کے بعد نمازِ تراویح، قیام اللیل اور اجتماعی دعاؤں کے لیے شریک ہیں اور زائرین کے تحفظ کے لیے 20 ہزار پبلک سیکیورٹی فورس کے اہلکار مصروفِ عمل ہیں۔
فورس نے ہجوم کے کنٹرول اور انہیں منظم کرنے کے لیے راہداری کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ فورس ٹریفک کی روانی، نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مواصلاتی نظام استعمال کر رہی ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق نماز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حدود میں واقع مساجد میں ادا کی جائے، نمازیوں کو علاقائی مساجد میں نماز ادا کرنے کا بھی ثواب ملے گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی چھتوں، صحن اور ارد گرد شاہراہوں اور کلاک ٹاور میں نمازیوں کا بے پناہ رش ہے۔