مدینہ منورہ:مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جمعرات کی شام رمضان کا آخری عشرہ شروع ہونے پر 4000 مرد اور خواتین معتکفین کا استقبال کیا۔ ان افراد کا تعلق دنیا کے 120 ممالک سے ہے۔ یہ بات مسجد نبوی میں اعتکاف کے امور سے متعلق شعبے نے بتائی۔
اس سلسلے میں معتکفین اپنے لیے مختص کردہ جگہ پر پہنچ گئے۔ مردوں کی جگہ پہنچنے کے لیے زینہ نمبر (6) اور (10) پر واقع دروازوں کو استعمال کیا جا سکتا ہے جب کہ شمال مشرقی حصہ اور دروازہ نمبر (24) اور (25) خواتین کے لیے ہیں۔
اس حوالے سے مسجد حرام کے امور کی انتظامیہ نے معتکفین کے لیے مقررہ خدمات کی فراہمی کا آغاز کر دیا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ معتکفین اطمینان ا ور سہولت کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔
انتظامیہ کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات میں معتکفین کے لیے مختص سروس آفس، سامان رکھنے کے لاکر، طبی کلینکس، ابتدائی ہنگامی امداد، کئی زبانوں میں ترجمے کی خدمات، علمی دروس، سحر، افطار اور رات کے کھانے کے سلسلے میں جامع ضیافت، موبائل چارجنگ کی سہولت اور ہر معتکف کے لیے ذاتی نگہداشت کی اشیاء پر مشتمل پاؤچ شامل ہے۔
ان کے علاوہ ہر معتکف کو ہاتھ کے بریسلیٹ بھی دیے گئے ہیں جن کے ذریعے انھیں نقل و حرکت میں سہولت حاصل ہو گی اور وہ آسانی کے ساتھ اپنے لیے مختص خدمات حاصل کر سکیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی میں اعتکاف کرنے والوں کو ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی غرض سے مکمل سہولیات سے آراستہ کلینک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ معتکیفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔