کراچی:شہر قائد میں سانس کے امراض میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ خسرہ بھی بڑھ گیا۔
ایمرجنسی انچارج سول ہسپتال کے مطابق سول ہسپتال میں سانس کے مرض میں مبتلا یومیہ 150 سے زائد افراد آ رہے ہیں۔جناح ہسپتال کے طبی ماہر کا کہنا ہے کہ جناح ہسپتال میں بھی سانس کے مریضوں کی تعداد یومیہ 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سانس کی بیماریوں سے سب سے زیادہ متاثر بچے ہو رہے ہیں، مریض گلے کی خرابی، نزلہ اور کھانسی کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں خسرہ کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، درجنوں بچے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہو گئے۔وارڈ انچارج ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ سندھ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال میں خسرہ کے 17مریض زیرِ علاج ہیں جن میں 8 بچے ایک سال سے کم عمر کے ہیں۔
ہسپتال حکام کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں خسرہ کے مریض بچوں کی تعداد بڑھ گئی، یومیہ 6 سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہو کر ایمرجنسی میں آ رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ سول ہسپتال میں بھی روزانہ 4 سے 6 نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، سول ہسپتال میں 12 جبکہ عباسی شہید ہسپتال میں 6 بچے خسرہ کے باعث زیرِ علاج ہیں۔