صدر مملکت کا حکومت کو مشورہ، اپوزیشن کو پیشکش

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زر داری نے اپوزیشن کو اختلافات بھلاکرمعاشی بحالی کیلئے ملکر کام کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ ذاتی و سیاسی مفاد ایک طرف رکھ کر قومی مفاد مقدم رکھیں، ارکان پارلیمنٹ اتحاد اور اتفاق کا سوچیں جس کی ہمارے ملک کو اشد ضرورت ہے۔
صدر نے حکومت سے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ واپس لینے کا بھی کہہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے قومی اہمیت کے فیصلے کریں ،حکومت اور پارلیمنٹ اگلے بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں،دہشت گردوں کو جو بیرونی سپورٹ اور فنڈنگ مل رہی ہے ہم سب واقف ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، ہم دوبارہ دہشتگردی کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
صدر کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ میں ریکارڈ اضافہ خوش آئند ہے،نظام میں مزید بہتری لانا ہوگی،ایوان بہتر طرز حکمرانی، سیاسی اور اقتصادی استحکام کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے، قابل تجدید توانائی اور برقی گاڑیوں کے فروغ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے،ایک ملک کے طور پر آگے بڑھنے کے لیے ٹیکس نظام کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بیجنگ کے ساتھ اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اور دیگر ممالک کے تعاون کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں، امریکا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کامیاب انسداد دہشت گردی تعاون حوصلہ افزا ہے،پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا،پاکستان فلسطینی کاز کے لیے پرعزم ہے۔ وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔