نارووال: نارووال کے علاقے حویلی انعام اللہ بٹ میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین حویلی میں نمازِ تراویح ادا کر رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے بتایا ہے کہ مقتول عمران اور اس کے بھائی زمان کے درمیان ویگن اڈے کی ملکیت کا تنازع تھا جس کی وجہ سے کینیڈا میں مقیم زمان نے اپنے بھائی عمران کو قتل کروایا۔
اُنہوں نے بتایا کہ مقتول عمران کے خلاف 8 اور زمان کے خلاف 9 مقدمات درج ہیں۔ریجنل پولیس افسر طیب حفیظ چیمہ نے بتایا کہ عمران کو قتل کرنے والا وزیرستان کا رہائشی ہے۔اُنہوں نے مزید متنازعہ ویگن اڈہ سیل ہے، فریقین کے خلاف انسدادی کارروائی بھی کی گئی تھی اور اب ملزمان کی گرفتاری کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔