کراچی میں 3اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کا فیصلہ

کراچی:وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے طلبہ کے لیے بڑا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں تین اعلی تعلیمی اداروں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)،نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) اور کامسیٹس یونیورسٹی کا کراچی میں نئے کیمپس کا قیام کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم شہری سندھ کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، شہر قائد کی عوام کے لئے ایک تاریخی کام کیا گیا ہے یہ اقدام شہر کے طلبہ کے لئے معیاری تعلیم کو بڑھانے کے ایم کیو ایم کے وژن کی تکمیل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم شہری سندھ کے نوجوانوں کے لئے ترقی کے مواقع فراہم کرتی ہوئی آئی ہے ،ان یونیورسٹی کیمپس کا کراچی میں قیام شہر کے طلبہ و طالبات کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ کراچی کے طلبہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے علم اور ہنر کا لوہا منوا کر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔