معروف مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جامعہ الرشید کی اہم پیشکش قبول کرلی۔
پاکستان کے غیر اعلانیہ خصوصی دورے پر آئے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے گزشتہ روز ملک کی معروف دینی درسگاہ جامعہ الرشید کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہیں جامعہ الرشید اور الغزالی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرانے کے ساتھ جامعہ الرشید کے تعلیمی منصوبوں اور مشن و وژن پر بریفنگ دی گئی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سرپرست اعلیٰ جامعہ الرشید مفتی عبد الرحیم اور جامعہ الرشید کے انقلابی وژن اور اہم تعلیمی منصوبوں کو سراہا اور مسرت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سرپرست اعلیٰ جامعہ الرشید نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جامعہ الرشید اور الغزالی کی فیکلٹی میں آجائیں تاکہ جامعہ کے طلبہ ان کے اسلوب دعوت اور تجربات سے سیکھ سکیں۔
سرپرست اعلیٰ جامعہ الرشید نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں دین اسلام کے دفاع کا جو خاص ملکہ دیا ہے وہ ایک بڑی نعمت ہے اور اس کے ذریعے وہ بڑی دینی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سرپرست اعلیٰ جامعہ الرشید کی پیش کش خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتیں جامعہ الرشید کیلئے حاضر ہیں۔