اسلام آباد:آئی ایم ایف نے گرین بجٹنگ کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
عالمی مانیٹری فنڈ کا 4 رکنی وفد مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گیا، تکنیکی مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔وفد 2 روز تک پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
وفد نے حکام سے وزارتِ خزانہ میں تعارفی ملاقات کی اور گرین بجٹنگ کے بارے میں وفاق کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ آئی ایم ایف کو وفاقی اور صوبائی حکام نے گرین بجٹنگ پر بریفنگ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفد کو وفاق، صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا نے کلائمیٹ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف وفد نے صوبوں کو وفاق کے اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کردی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے اگلے مالی سال کے دوران بجٹ میں کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے۔ آئی ایم ایف وفد سے کاربن لیوی عائد کرنے، الیکٹریکل وہیکلز اور سبسڈی پر بھی بات چیت متوقع ہے اس کے بعد آئی ایم ایف کا جائزہ مشن اگلے ماہ کے وسط تک پاکستان آئے گا۔
جائزہ مشن کے ساتھ سات ارب ڈالر کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط حاصل کرنے کیلئے پہلے اقتصادی جائزہ پر بھی مذاکرات ہوں گے۔
