لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میگنی فیشنٹ پنجاب (شاندار پنجاب) میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پنجاب کو تہذیب و سیاحت کا ریجنل اور انٹرنیشنل مرکز بنایا جائے گا۔ پنجاب کے 170 تاریخی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکزمیں تبدیل کرنے کیلئے تمام تاریخی مقامات کی میپنگ مکمل کرلی گئی۔ فہرست میں 101 گردوارے اور 53 گرجا گھر بھی شامل ہیں۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پانچ ماہ کی محنت سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے وژن کو عملی شکل دی گئی۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کے تمام مجوزہ منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی قائم کرنے کے فیصلے کی باضابطہ منظوری کے لئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ تاریخ، ورثہ اور سیاحت سے متعلق تمام ادارے اتھارٹی کے ماتحت ہوں گے۔ منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے پہلی بار پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2024 بھی لاگو کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کی پہلی جامع ٹورسٹ پالیسی بھی تیار کر لی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کے تاریخی مقامات کی تین مراحل میں بحالی کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا اور جولائی تک ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پہلا مرحلہ جون میں جبکہ دیگر تاریخی مقامات کی بحالی دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مکمل ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے 16 سیاحتی منصوبوں کے پی سی وَن کی فوری تیاری اور مری کی بانسرا گلی میں ٹورسٹ ویلیج اور پارکس تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تاریخی شہر ٹیکسلا کو انٹرنیشنل ”ٹورسٹ سٹی“ بنانے کا اعلان کیا اور سوئٹزرلینڈ کی طرز پر چھانگا مانگاکو جدید تفریح گاہ بنانے کی منظوری دیدی۔ ٹیکسلا میوزیم کی اپ گریڈیشن، جدیدٹیکنالوجی سے ڈسپلے سینٹرزبنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ٹیکسلا میں بودھ مت کے پیروکاروں کی سہولت کے لئے عبادت گاہیں اور سدھارتا کے نام سے نئی گیلریزبھی تعمیر کی جائے گی۔ سکھ برادری کی سہولت کے لیے 46 غیرفعال گردوارے بحال کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اقلیتی برادری کے مذہبی و تاریخی مقامات کی حفاظت کا جامع نظام بنانے کی ہدایت کی۔ سیاحت کے فروغ کے لیے بہترین سڑکیں تعمیر، انفراسٹرکچر کی مکمل اپ گریڈیشن اور عالمی معیار کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ”دلکش لاہور“ منصوبے کے لئے 400 ملین روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مال روڈ کی تاریخ محفوظ اور فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پہلی بار پورے پنجاب کو تاریخی اور سیاحتی مقامات کے لحاظ سے 9 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پنجاب ”سیاحتی ٹریلز“ کے نام سے کی گئی تقسیم کے عنوان بابا گرو نانک دیو جی، کلچرل ڈسٹرکٹ مال روڈ لاہور، والڈ سٹی لاہور، گوجرانوالہ، ایمن آباد اور لاہور میں سکھ مذہب کے تاریخی مقامات، جی ٹی روڈ پر مغل دور کی یادگاریں، سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ رکھے گئے ہیں۔ ”سیاحتی ٹریلز“ پر سفاری ٹرین چلے گی، ٹرانسپورٹ کی سہولیات اور نجی شعبے کو شامل کرکے آنے والے سیاحوں کو خصوصی ڈسکا¶نٹ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں ٹورازم کی بحالی کے اس پروگرام کے ذریعے پنجاب کو بہترین ٹورازم ڈیسٹی نیشن بنائیں گے۔ پنجاب کو ٹورازم کا ہب بنا کر پوری دنیا کواس کا مہمان بنائیں گے اورپانچ دریا¶ں کی دھرتی کے تہذیبی رنگ دکھائیں گے۔
