امریکا میں 100سے زائد مسافروں سے بھرا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

واشنگٹن: امریکا میں ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ ہیوسٹن سے نیویارک جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو اس کے انجن میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی طور پر خالی کروا لیا گیا۔ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم تمام افراد محفوظ رہے۔فلائٹ 1382 اتوار کی صبح 8:30 بجے کے بعد جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ سے لاگارڈیا ایئرپورٹ روانہ ہونے والی تھی کہ عملے کو ایک انجن میں خرابی کا اشارہ ملا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر پرواز منسوخ کر دی۔فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق انجن میں خرابی کی اطلاع ملنے پر ٹیک آف کو محفوظ طریقے سے روک دیا گیا اور مسافروں کو رن وے پر ہی اتار کر بسوں کے ذریعے ٹرمینل منتقل کیا گیا۔