شام میں کار بم دھماکا، 14خواتین سمیت 15افراد جاں بحق، 15زخمی

دمشق: شام میں ایک کار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 14خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 15مزید خواتین زخمی ہوگئیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے شہر منبیج کے ایک مرکزی شاہراہ پر ہونے والے کار بم دھماکے میں 15 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دھماکے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے میں جاںبحق ہونے والوں میں 14 خواتین اور ایک مرد شامل ہے جب کہ زخمی ہونے والوں میں تمام خواتین ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین فارم ورکرز تھیں جو گاڑی میں سوار تھیں جس میں دھماکا ہوا۔ حکام نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکا کرنے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے شام کے شہر منبج میں تیسرے روز یہ دوسرا بڑا دھماکا ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز ایک اور کار بم دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔