لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پروجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں 8ہزار زرعی ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے۔
قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا، جس میں پہلا نام اٹک کے محمد نواز کا نکلا۔ وزیراعلی مریم نواز نے ضلع نارووال کے کامیاب کاشتکاروں کی فہرست بھی چیک کی۔عام کاشتکار کو سولر ٹیوب ویل سے یومیہ 10ہزار سے زائد اور ماہانہ 3.25لاکھ روپے سے زیادہ کی بچت ہوگی۔
حکومت پنجاب 10کلوواٹ کے سولر سسٹم پر 5لاکھ، 15کلوواٹ پر 7.5لاکھ اور 20کلوواٹ پر 10لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔ قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار اپنے ضلع کے وینڈر کا انتخاب کرکے سولر سسٹم لگوا سکیں گے۔اس منصوبے کے لیے 5لاکھ 30ہزار سے زائد کاشتکاروں نے درخواست دی، جن میں سے 3لاکھ 85ہزار کاشتکار قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پائے۔ 87فیصد ڈیزل اور 13فیصد بجلی پر چلنے والے زرعی ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل ہوں گے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے پہلے مرحلے میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ زرعی پیداوار کی لاگت میں نمایاں کمی لائے گا اور کاشتکاری میں انقلاب برپا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ، ایگری میکانائزیشن اور انٹرن شپ جیسے منصوبے کاشتکاروں کی زندگی میں بہتری لا رہے ہیں اور سولرائزیشن کا یہ منصوبہ بھی زراعت میں ترقی کا نیا باب ثابت ہوگا۔