اسلام آباد : ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری بھی ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا، نیلم آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ برف باری کے باعث کیل تائوبٹ مرکزی شاہراہ سمیت شونٹھر ویلی کی سڑکیں بند، مواصلاتی نظام متاثر اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پخون خوا میں دیر، چترال، کوہستان اور سوات میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ادھر شمالی بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔
