واشنگٹن/ اسلام آباد:امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔
وفد نے وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں معروف صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وفد کے سربراہ نے کہا کہ ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، بائیڈن انتظامیہ نے 4 سال جو کچھ پاکستان کے ساتھ کیا وہ مناسب نہیں تھا۔پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے، رچرڈ گرینیل نے ذاتی طور پر مجھے بتایا کہ “انہیں بانی پی ٹی آئی کے بارے میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے انٹرنیٹ پر جعلی ویڈیو کی تشہیر کے ذریعے گمراہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ بہت محنتی اور شاندار امریکی صدر ہیں،ان کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے،ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو احترام کے نظر سے دیکھتی ہے۔
