امریکا جانے والے ہزاروں افغانی پاکستان سمیت کئی ممالک میں پھنس گئے

واشنگٹن:پاکستان سمیت مختلف ممالک میں موجود خصوصی ویزے پر امریکا جانے والے 40 ہزار سے زائد افغان شہریوں کی پروازیں روک دی گئیں۔یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس ایگزیکٹیو آرڈر کے بعد سامنے آیا ہے جس میں غیرممالک کی امداد روکنے کا کہا گیا تھا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانوں کی دوبارہ آبادکاری میں مدد کرنے والے امریکی رضاکار گروپوں کے اتحاد افغان اویک کے سربراہ شان وان ڈیور نے کہا ہے کہ 40 ہزار سے زائد افغان باشندے جن کے لیے خصوصی امریکی ویزوں کی منظوری دی گئی تھی کی امریکا کے لیے پروازیں معطل کر دی گئیں ۔انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے افراد میں سے زیادہ تر شہری افغانستان میں جبکہ دیگر پاکستان، قطر اور البانیہ میں موجود ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ غیرملکی امداد روکنے کے فیصلے نے امریکی اور بین الاقوامی امدادی کارروائیوں کو بدنظمی کا شکار کر دیا ہے جبکہ غذائیت، صحت، ویکسینیشن اور دیگر پروگراموں کو روک دیا ہے۔