سعودیہ نے حج پر جانیوالے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025ء کا معاہدہ طے پاگیا۔سعودی وزارت حج کے مطابق وفاقی وزیر چودھری سالک اور سعودی وزیرحج ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے معاہدے پردستخط کیے جس کے تحت ایک لاکھ79 ہزار 210 پاکستانی رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے۔سعودی وزارت حج کے مطابق پاکستانی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

حج آسان اورآرام دہ بنانے کے لیے 20 ،25 دن کامختصرحج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، پاکستانی حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور نرخ بھی کم ہوں گے۔عازمین کو مدینہ منورہ میں 4 سے 8 دن کے لیے رہائش کے انتخاب کی سہولت ہوگی، زائرین کو ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم اور شناخت کے لیے کیوآرکوڈ ہوگا۔

سعودی وزارت حج کے مطابق خصوصی موبائل ایپ پرعازمین حج کو تمام معلومات دستیاب ہوں گی۔دوسری جانب سعودی وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے صحت کے اصول جاری کردیے گئے۔سعودی سول ایوی ایشن گاکا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے تمام ضروری ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر لازمی ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں مسافروں کو صحت دستاویزات بشمول ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے میننجائٹس ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے، سعودی عرب پہنچنے والے زائرین کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان، نائیجیریا، افغانستان اور دیگرمتاثرہ ممالک سے جانے والے زائرین کے لیے پولیو ویکسین لازمی ہوگی جبکہ انگولا، نائیجیریا، برازیل اور کانگو کے مسافروں کے لیے زرد بخار کی ویکسین لازمی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارش پر کورونا اور موسمی فلو کی ویکسین لازمی ہوگی جبکہ زائرین کو ٹیٹنس، خسرہ و دیگر بیماریوں کی ویکسی نیشن مکمل کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔