امدادی اشیاءلے جانے والا 20 گاڑیوں پر مشتمل پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا

پارا چنار: کرم کیلئے امدادی اشیاءلے جانے والا 20 گاڑیوں پر مشتمل پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا۔ تجارتی اشیاءکی چھوٹی گاڑیاں پاراچنار پہنچ گئی ہیں، مرغی، انڈوں اور پاپڑ وغیرہ پر مشتمل 20 گاڑیاں پارا چنار پہنچیں، بگن متاثرین کیلئے لایا جانے والا امدادی سامان بھی بگن لوئر کرم پہنچا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے 17 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان متاثرین کو دیا جائیگا، ضلع کرم کے نئے ڈپٹی کمشنر اشفاق خان کا پارا چنار نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اشیائے خورونوش اور سامان رسد پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ چکا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قافلے کا بخیر و عافیت پارا چنار پہنچنا بہت خوش آئند ہے، (سابقہ) ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور امن کو قائم رکھیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کی وجہ سے 4 جنوری 2025ءکو چلنے والا قافلہ روک دیا گیا تھا جو آج روانہ ہوکر پاڑا چنار پہنچا ہے۔ قافلہ پولیس کی حفاظت میں پاڑا چنار پہنچا جبکہ کسی ہنگامی صورت حال میں پولیس کی معاونت کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ہمہ وقت تیار تھے۔
واضح رہے کہ امن کمیٹیوں نے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کی ضمانت دے رکھی ہے امن کمیٹیوں کا قیام یکم جنوری کے ہونے والے امن معاہدے کے جرگے میں ہوا تھا۔