وفاقی کابینہ میں 4سے 5نئے وزرا کو شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اسلام ڈیجیٹل)وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا اور ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے 4سے 5نئے وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ کیا پیپلز پارٹی یا دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی کوئی کابینہ میں شامل ہوگا یا نہیں۔وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ڈاکٹر توقیر شاہ کو کابینہ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ وہ موجودہ اور پی ڈی ایم حکومت میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ڈاکٹر توقیر اس وقت عالمی بینک میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور وزیر اعظم نے انہیں وطن واپس طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آمد پر ڈاکٹر توقیر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔کابینہ میں شمولیت کے دیگر ممکنہ امیدواروں میں حنیف عباسی، طارق فضل چودھری، بیرسٹر عقیل ملک اور طلال چودھری شامل ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر بیرسٹر عقیل ملک نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انہیں وفاقی وزارت دی جا رہی ہے تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ انہیں کون سی وزارت دی جائے گی۔طارق فضل چودھری کے قریبی ذرائع نے بھی انہیں کابینہ میں شامل کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے گزشتہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے عندیہ دیا تھا کہ کابینہ میں کچھ نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا اور کچھ وزرا کے قلمدانوں میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔توقع ہے کہ وزیر اعظم کابینہ میں شمولیت سے قبل نئے ممکنہ وزرا سے ملاقات کریں گے۔