سندھ اسمبلی نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
قرارداد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لئے آئینی ترامیم ناگزیر تھیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے سپریم کورٹ میں ججز منتخب ہوں گے، آئینی عدالتوں کی بینچز صوبوں میں بھی بنیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سائل کو اب اپنے فیصلوں کےلیے برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا 26ویں ترمیم اچھی سیاست کا نتیجہ ہے، سندھ حکومت کی اس قرارداد کو سپورٹ کرتے ہیں۔
رکن سنی اتحاد کونسل شبیر قریشی نے کہا آئین کو اپنے مفادات کے لیے پامال کیا گیا، ترامیم کا سلسلہ جاری ہے، وہ ظلم نہیں کریں جو کل آپ برداشت نہ کرسکیں۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا عدلیہ کی جانب سےجمہوریت پرشب خون مارے گئے۔