Pakistan Stock Exchange

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بدھ کے روز تیزی کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں حصص کی مالیت میں 99 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے 7ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی منظوری سے متعلق اجلاس، بینکنگ آئل اینڈ گیس سیمنٹ اور فارما سیکٹر میں پر اعتماد انداز میں سرمایہ کاری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بدھ کے روز تیزی رہی۔

مارکیٹ میں پی ایس ایکس 100 انڈیکس کی 82000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور ہوگئی۔ تیزی کے سبب 57فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جب کہ حصص کی مالیت میں بھی 99ارب 17کروڑ 34لاکھ 25ہزار 706روپے کا اضافہ ہوگیا۔

مثبت سینٹیمنٹس کی وجہ سے کاروبار کے مجموعی دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی جس سے ایک موقع پر 848پوائنٹس کی تیزی بھی ریکارڈ پر آئی تاہم وقفے وقفے سے ہونے والی پرافٹ ٹیکنگ سے مارکیٹ اتارچ چڑھاؤ کا بھی شکار رہی، جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 764.27پوائنٹس کے اضافے سے 82247.91پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔