Balochistan Government

میر ہزار خان مری ایک تاریخ کا نام ہے، جو امر ہوچکے، سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میر ہزار خان مری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر ہزار خان مری ایک تاریخ کا نام ہے، آج وہ تاریخ میں امر ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں عمار مسعود کی کتاب “میر ہزار خان مری: مزاحمت سے مفاہمت تک” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں اس طرح کی کاوش کی بہت ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ میر ہزار خان ایک تاریخ کا نام ہے، آج وہ تاریخ میں امر ہوچکے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ یہ کتاب اور یہ حقائق بچوں تک پہنچائیں، بچوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری تاریخ کیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیشہ ایک طرف کی اسٹوری بتائی جاتی ہے، بہت سارے لوگوں کا موقف ہے کہ بلوچستان کو زبردستی پاکستان کا حصہ بنایا ہے، لیکن یہ ساری من گھڑت کہانیاں ہیں، حقائق کو کوئی سامنے نہیں لانا چاہتا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ان سے میری ملاقات 1990 میں ہوئی تھی۔ صوبے میں ایک شاہراہ پر کام جاری ہے جس کا نام میر ہزار خان مری رکھیں گے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ ہم نے امن و امان سے رہ کر قوم، ملک اور صوبہ کی ترقی کا سوچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بھی قسم کی مزاحمت کو نہ سپورٹ کیا نہ کریں گے۔ ہمارا ادھر موجود ہونا ہی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا ہے۔

کتاب کی تقریب رونمائی میں وفاقی وزراء عطاء اللّٰہ تارڑ اور احسن اقبال نے بھی شرکت کی