انڈونیشیا کے خطرناک رن وے پر مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار

جکارتا: انڈونیشیا میں 42 مسافروں اور عملے کے 6 ارکان کو لے کر اُڑان بھرنے والا طیارہ رن وے پر پھسلتا ہوا باہر نکل گیا جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ انڈونیشیا کے پہاڑوں سے ڈھکے علاقے پاپوا میں پیش آیا جہاں موسم کی خرابی اور ایئرپورٹس کے رن وے نظروں سے اوجھل ہونے کے سبب محفوظ پرواز ایک مشکل ترین کام ہے۔

تریگانا ایئرلائن کا اے ٹی آر 42 طیارے نے یاپن جزیرے کے ایک ہوائی اڈے سے پاپوا کے دارالحکومت جایا پورا کے لیے پرواز بھری تھی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ جزیرہ نما انڈونیشیا میں کئی ایئرپورٹس بلند و بالا پہاڑوں میں گھیرے ہوئے ہیں جہاں طیاروں کو لینڈنگ میں نہایت مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مشاق پائلٹ کے لیے بھی یہ آسان کام نہیں۔

یاد رہے کہ 2015 میں ٹریگانا ایئر کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو نے سے تمام 54 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔