وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا،10 زخمی

ڈی آئی خان: وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 6 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیوٹی کے لیے اہل کاروں کو لے جانے والی پولیس کی گاڑی کو جنوبی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس میں 6 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس نفری کو پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے کڑی کوٹ لے جایا جا رہا تھا۔ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا بم دھماکا اتنا زوردار تھا کہ دُور دُور تک آواز سنی گئی۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہل کاروں میں اورنگزیب، محمد طاہر، کامران، عطا اللہ شامل ہیں جب کہ دیگر افراد میں سید اختر، امان اللہ، عابد، حبیب جان، نور خاتم اور نور سلام شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی جب کہ پولیس کی نفری نے بھی جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کرکے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔