Jamat e Islami Pakistan

لاپتہ افراد کا مسئلہ حل اور بلوچستان میں قومی ڈائیلاگ شروع کیے جائیں، حافظ نعیم

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم نے بلوچستان میں قومی ڈائیلاگ شروع کرنے اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کی جانب سے جاری حافظ نعیم کے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کے مسئلے کو فوری حل کر کے بلوچستان کو اُس کے جائز اور بنیادی حقوق فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ 77برسوں سے طاقت کے ذریعے بلوچستان کے مسائل کا حل ڈھونڈا جا رہا ہے، دہشت گردوں سے نمٹا جائے، لیکن اس کے اسباب کو بھی ڈھونڈنا ہوں گے، محض ڈنڈے کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ راولپنڈی معاہدے کو 28دن گزر گئے اور اب حکومت کے پاس عملد درآمد کیلیے صرف 17 دن باقی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ اصل لاگت کا تعین کر کے پورے ملک میں بجلی کا یکساں ٹیرف نافذ کیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کو معاہدہ پر عمل درآمد کے لیے مجبور کریں گے، ہڑتالوں، لانگ مارچ، دھرنا سمیت پرامن احتجاج کے تمام آپشنز استعمال کر سکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں چوتھی مرتبہ بلدیاتی انتخابات منسوخ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے عوام کو ساتھ ملا کر بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک چلائیں گے.