لاہور میں موٹر سائیکلسٹ کیلیے بڑا ریلیف، 42 یوم کا لرنر پیریڈ ختم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے حکم پر موٹر سائیکلسٹ کے لیے بڑا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق موٹر سائیکل لائسنس کے لیے اب لرنر پرمٹ کے بعد انتظار نہیں کرنا پڑے گا، محدود مدت کے لیے موٹر سائیکل لائسنس کے لیے 42 یوم کا لرنر پریڈ ختم کیا جا رہا ہے۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ اب لرنر پرمٹ کے ساتھ ہی شہری ٹیسٹ دیکر لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سہولت فراہم کرنے کا مقصد قیمتی وقت کو محفوظ اور قانون پسند شہری بنانا ہے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہے۔ شہری موٹر سائیکل کا لائسنس ایک، دو یا پانچ سال تک کے لیے بنوا سکتے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے لائسنس سینٹرز میں کیش ہینڈلنگ کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، شہری لائسنس کے حصول کے لیے صرف شناختی کارڈ کے ہمراہ تشریف لائیں۔ ڈرائیونگ لائسنس کے تمام مراحل کی آڈیو/ویڈیو ریکارڈنگ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔