Electricity

یہ تاثر درست نہیں کہ بجلی کے نرخ میں ہر وقت اضافہ ہی ہوتا رہتا ہے، وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ بجلی کے نرخ میں ہر وقت اضافہ ہی ہوتا رہتا ہے، ستمبر تا نومبر بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو دو روپے 37 پیسے کم ادا کرنے پڑیں گے۔

میڈیا کو دیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ میں ہر وقت اضافہ ہورہا ہے اس حوالے سے وضاحت دینا ضروری ہے، نیپرا ہر تین ماہ کے لیے بجلی کے نرخ کا تعین کرتا ہے کیو ٹی اے کی مد میں اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں، قیمتوں میں اضافے کے لیے پٹیشنز داخل کی جاتی ہیں یہ فیصلے باقاعدہ میڈیا میں جاری ہوتے ہیں تاہم سمجھ نہ آنے کے سبب اسے ہمیشہ ایک غلط زاویے سے پیش کیا جاتا ہے کہ مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ نیپرا نے 26 اگست کو بھی ایک سماعت کی ہے اس کے تحت کیو ٹی اے کی مد میں ستمبر تا نومبر بلوں میں 96 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوگا تاہم اس کے ساتھ ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اسی مدت کے لیے دو روپے 87 کی کمی آئے گی، مجوعی دیکھا جائے تو تمام صارفین کو دو روپے 37 پیسے فی یونٹ کم ادا کرنے پڑیں گے۔

انہوں ںے کہا یہ وضاحت ضروری ہے کیوں کہ ملک میں ایک ماحول بن گیا ہے کہ بجلی کے پیسے ہر وقت بڑھتے رہتے ہیں۔