Hizbullah Attack on Israel

حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کی کشتی پر حملہ؛ ایک اہلکار ہلاک

بیروت: حزب اللہ نے لبنان سے اسرائیلی گن بوٹ کو نشانہ بنایا ہے جس میں صیہونی فوج کا اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت اسرائیلی بحریہ کے 914 ویں فلیٹ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ سپاہی ڈیوڈ موشے بن شتریت کے نام سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ شمالی علاقے میں لڑائی کے دوران ایک اہلکار کی ہلاکت کے علاوہ 2 فوجی زخمی بھی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل کی نہاریہ بستی کے قریب ایک بحری ہدف پر حملہ کیا۔

حزب اللہ نے حملے میں کم از کم ایک اسرائیلی فوجی ہلاکت اور 5 سے زائد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل کی انٹیلی جنس تنصیبات پر سیکڑوں راکٹس اور ڈرونز داغے تھے جب کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے متعدد راکٹس فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔